Review by Sania Muskan🌹
“دیوار شب ” عالیہ بخاری کا ایک طویل اور دلچسپ ناول ہے۔ حلال اور حرام کے تصورات پر مبنی اس ناول کی کہانی، اسلام اور اظہار، دو چچا زاد بھائیوں کے گھرانے کے گرد گھومتی ہے۔ اسلام صاحب ایک ادارے میں ہیڈ کلرک کے عہدے پہ کام کر چکے ہیں اور اب کالم نگاری کرتے ہیں جبکہ اظہار صاحب ایک ادارے میں ہیڈ کلرک کے عہدے پر کام کر رہے ہیں ۔ دونوں گھرانے متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں ، مگر ایک ہی عہدے پہ کام کرنے کے باوجود اظہار صاحب کے گھر میں اوپر کی آمدنی کے باعث دولت کی ریل پیل ہے ۔
معاذ اور ربیعہ اسلام صاحب کی اولاد ہیں اور اظہار چچا کے سلمان اور جویا سے ان کی نسبت طے ہے۔ پیسے کی کمی کے باعث اظہار صاحب کا گھرانا اسلام صاحب کے گھرانے کو حقارت کی نظر سے دیکھتا ہے ۔جویا اور زویا کے خیالات اپنے بڑوں سے مختلف ہیں ۔جویا معاذ کی محبت میں مبتلا ہے مگر حالات بچپن میں طے ہوئے اس رشتے کیلئے سازگار نہیں ہیں ۔
سلمان شہر کے ایک بڑے رئیس یوسف کمال کی بدمزاج بیٹی سے مخص دولت کی خاطر شادی کر لیتا ہے ۔ جویا اور زویا کے علاوہ سب گھر والے اس رشتے سے خوش ہیں ۔ آپا گل اظہار صاحب کی بڑی بیٹی ہیں اور گھر کے معاملات پر ان کا پورا اختیار ہے۔
فیروزہ ایک ماہر رقاصہ، نانی ستارہ جان کی بیٹی تھی جس نے اپنے انتہائی عروج کے زمانے میں اپنی ماں سے بغاوت کر کے محبت کی شادی کی تھی ۔ وہ چار سالہ خیام کو لے کر نانی ستارہ جان کے پاس واپس آجاتی ہے مگر شوہر کی بیوفائی کا روگ اسے جینے نہیں دیتا۔
خیام اپنی ماں کے خاندانی پس منظر سے سخت متنفر ہے ۔
نگینہ جان کی دو بیٹیاں صندل اور گیتی آرا ہیں ۔ صندل اپنی خالہ فیروزہ سے شباہت رکھتی ہیں اور انہی کی طرح ماہر فن ہے۔ جب کہ گیتی آرا ایک سادہ ، مخلص اور گھریلو سی لڑکی ہے اپنے ماحول سے خائف ہونے کے باوجود اپنی ماں اور نانی سے بے حد محبت کرتی ہے۔ خیام اپنی اس کزن کو خاص اہمیت دیتا ہے جبکہ گیتی آرا بھی خیام کے لئے دل میں نرم گوشہ رکھتی ہے ( شاید وہ اس ماحول میں اسے اپنے لئے نجات دہندہ سمجھتی ہے)۔
خیام کی دوستی سالار سے ہوتی ہے جو ریڈیو پہ کام کرتا ہے۔ ایک سادہ اور عاجز سا انسان ہے ۔ خیام نانی ستارہ کی بے پناہ محبت کے باوجود ایک رات چپ چاپ گھر سے چلا جاتا ہے سالار اس کی مدد کرتا ہے۔
سالار ریڈیو کے کسی کام کے سلسلے میں نانی ستارہ سے ملنے جاتا ہے اور گیتی کی محبت میں مبتلا ہو جاتا ہے۔
ناول کا ایک اور اہم کردار بیگم زرتاج ہیں ، جو اپنے فلاحی کاموں کے باعث خاصا نام رکھتی ہیں ۔ بے حد حسن پرست ہیں اور خود سے آدھی عمر کے اپنے سیکرٹری نبیل کے عشق میں مبتلا ہیں۔ نبیل ایک لالچی اور عیار انسان ہے جو اپنی من پسند پر آسائش زندگی کے حصول کے لئے کچھ بھی کرنے کو تیار ہے۔
معاذ اور سالار بہت بہترین کردار ہیں اس ناول کے۔ دونوں کی انسان دوستی، عاجزی انکی شخصیت کو بہت سحر انگیز بناتی ہے۔ اپنے محدود وسائل کے باوجود معاذ کا لوگوں کی بھلائی کیلئے کچھ بھی کر گزرنا لائق تحسین ہے۔
جہاں ناول میں رشتوں کی باہمی، فطری اور گہری محبت کا احساس دل کو چھوتا ہے وہیں اپنوں کی بے اعتنائی اور سفاکی کے دل دکھاتے منظر بھی موجود ہیں ۔
معاذ اور جویا کی محبت کی کہانی اور سالار کا گیتی کے لئے بے لوث چاہت کا جذبہ دل کو چھوتاہے۔
ناول میں بے شمار اتار چڑھاؤ ہیں جو قارئین کی دلچسپی کو آخر تک برقرار رکھتے ہیں ۔
اختتام خوشگوار ہے۔













Leave a Reply