Man aajzam man bekasam complete by Umme Taifur

Man aajzam man bekasam complete by Umme Taifur

Man aajzam man bekasam complete by Umme Taifur

Review by Muskan ahzam💕

اُم طیفور کا ناول “من عاجزم من بے کسم” برفیلے پہاڑوں کی کوکھ سے جنم لینے والی ایسی کہانی ہے جو اپنے پڑھنے والوں پر بہت ظلم کرتی ہے۔

کہانی ہے کریم آباد کی دھند میں لپٹی وادیوں کی باسی اوزئے رحمانی کی جو حسن میں مکمل ہوکر بھی ادھوری لگتی ہے۔ وہ پونم کا چاند ہے مگر اس چاند میں ایک داغ ہے۔ داغ اتنا واضح کہ سارے کا سارا حسن لمحوں میں گہنا جاتا ہے۔
وہ اونی مفلر میں لپٹی خوبصورت سی لڑکی اپنے اسی عیب کی وجہ سے احساسِ کمتری کا شکار ہوجاتی ہے۔ لنگڑا کر چلنا صرف اس کے جسم کا عیب نہیں تھا، بلکہ اس کی مجموعی شخصیت کا بھی ایک حصہ بن گیا تھا۔

وہ بادلوں کی ملکہ تھی جو گلابی دھنکے بادلوں میں بیٹھی اپنے راجا کا انتظار کرتی ہے۔

راجا آتا ہے اور کہانی کی ملکہ اپنے عہدے سے گر کر بھکارن بن جاتی ہے۔ ایسی بھکارن جس کے کشکول میں چھید ہوتے ہیں۔ محبت آئی، مگر ٹھہر نہ پائی۔

یہ حساس دل کے لوگوں کو ہمیشہ بدصورت دل کے لوگ ہی کیوں ملتے ہیں؟

کہانی کے مرکزی کرداروں میں سے ایک برہان نامی کردار ہے جو ماضی کا ٹراما لیے زندگی میں آگے بڑھنے کی کاوش میں ہے۔ بڑا سلجھا ہوا، اپنے ہی خول میں بند ایک شخص جس کا دوست “امیر حمزہ” بالکل اس کے برعکس ہوتا ہے۔
برہان کی ایک کزن ہے جو اس کی منگیتر بھی ہے “حور” بلا کی خوبصورت کہ واقعی کسی حور کے ہونے کا گمان ہوتا تھا۔ جتنی خوبصورت، دل کی اتنی ہی بدصورت

یہ تینوں شہر کے ہنگاموں سے دور ذہن کو پرسکون کرنے کریم آباد کی وادیوں میں اترتے ہیں اور اوزئے کے باپ حیدر رحمانی کے گھر قیام کرتے ہیں۔

لیکن اتنے کم ظرف کردار شاید ہی کسی اور کہانی میں پڑھے ہوں۔

سچ کہوں تو امیر حمزہ اور حور جیسے گِرے ہوئے لوگ میں نے ابھی تک اپنی زندگی میں نہیں دیکھے۔
میں جتنا ان کے بارے میں سوچ رہی ہوں، میرا اتنا ہی خون کھول رہا ہے۔
آپ جس گھر مہمان بن کر جاؤ اور وہیں نقب لگا دو تو کتنے ہی سستے انسان ہو۔
یہ دونوں بھی بڑے سستے انسان تھے جنہوں نے اوزئے جیسی قیمتی مورتی کو توڑ ڈالا تھا۔
حور کا حسد اور امیر حمزہ کی رنگین فطرت دونوں نے مل کر بادلوں کی ملکہ پر حملہ کردیا تھا۔ دل کے سارے گلابی بادل سرمئی ہوگئے تھے اور پھر ان سے بارش کی مانند خون برسنے لگا تھا۔ ٹپ ٹپ ٹپ۔
بوند، بوند اوزئے کے جسم پر تیزاب بن کر گرتی تھی
وہ اتنی ارزاں نہیں تھی مگر اسے ارزاں کردیا گیا تھا۔

پھر آگے کیا ہوا؟
اس کے لیے آپ کو قاری کے دل کے ساتھ کھیلتی ہوئی اس کہانی کو خود پڑھنا ہوگا۔
اُمِ طیفور بہت پیارا لکھتی ہیں اور مجھے تو ان کا یہ ناول بھی پسند آیا ہے۔ ♥️

مسکان احزم

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *