Prince Charming by Falak Tanveer
”پرنس چارمنگ “
شعاع جنوری ٢٠٢٥ء
تحریر : فلک تنویر
تبصرہ: علی عبدللہ
فلک تنویر ڈاٸجسٹ میں خوبصورت اضافہ ہیں- پختہ کرداروں کے ساتھ تشبیہات اور استعارات کا استمعال ان کی تحریروں کو چار چاند لگا دیتا ہے- زیر تبصرہ ناول” پرنس چارمنگ“ کا عنوان ہی اتنا دلچسپ ہے کہ تحریر پڑھنے کو دل چاہتا ہے –
پرنس چارمنگ! خوابوں کا شہزادہ- ہر لڑکی کو پرنس چارمنگ کی تلاش ہوتی ہے جو اس کی زندگی میں آٸے, اور سب اس لڑکی پر رشک کریں –
لیکن یہ پرنس چارمنگ کون ہوتا ہے ؟ خوبصورت, ہینڈسم ,اونچا ,لمبا ,گورا جیسے بالاج ! ہرگز نہیں !
پرنس چارمنگ تو ہوتا ہے جو عزت کی حفاظت کرے- جو عورت کی عزت کرے- جو عورت کو واقعی دل کی ملکہ بنا کر رکھے, جسے ماضی سے کوٸی سروکار نہ ہو –
جسے ماضی میں کی جانے والی لغزشوں اور غلطیوں کی کوٸی پروا نہ ہو جیسے ودان-
کچی عمر میں کی جانے والی غلطیاں اکثر ساری زندگی کا خسارہ بن جاتی ہیں, جیسے رتبہ جمال کی غلطی نے اسے زمانے بھر میں رسوا کر دیا- غلطی اتنی بھی تو چھوٹی نہیں تھی- وہ رتبہ جمال جسے اس کے باپ نے زمانے بھر سے لڑ کر یونیورسٹی پڑھنے بھیجا, جب اسی رتبہ کی ویڈیو وائرل ہوئی تو باپ کے کندھے شرم سے جھک گئے , اور تب رتبہ سے جیہ نے جنم لیا-
جیہ ! ماضی کے زخموں سے پیچھا چھڑانے کی کوشش کرتی لڑکی! جس نے تہیہ کر لیا تھا کہ اب اس نے کسی مرد پر بھروسہ نہیں کرنا اور پھر ودان اس کی زندگی میں آیا –
ودان جیسے کردار بہت کم یاب ہیں! اتنا بے غرض, اتنی محبت کرنے والا کردار جس نے اپنے بھائی کے بچوں کے لیے اپنی ساری دولت داؤ پہ لگا دی-
احزم کا کردار بھی مجھے بہت اچھا لگا! ٹین ایج کا ایک جذباتی سا لڑکا جو اپنے چچا پر بوجھ نہیں ڈالنا چاہتا تھا-
لیکن ایک بات مجھے ناول میں کھٹکی وہ یہ کہ احزم کے کردار سے زیادہ کھل کر کھیلا جا سکتا تھا اور اس کے کردار کو مزید ایکسپلور کیا جا سکتا تھا لیکن مجموعی طور پر بہترین کہانی ہے –
کہانی میں بہت سے سبق ہیں جس میں ایک سبق یہ ہے کہ اپنے آپ کو بھی معاف کر دینا چاہیے- غلطیاں کس سے نہیں ہوتیں ؟ لیکن بہتر انسان وہی ہے جو توبہ کر کے آگے بڑھ جائے –
پلس پوائنٹ جو مجھے کہانی کا لگا وہ تھے مثبت کردار ! منفی کرداروں کو تو ہم دکھاتے ہی ہیں لیکن ایسے مثبت کردار ضرور دکھانے چاہیے جو بے غرض ہوں-
بہترین ناول-













Leave a Reply